ادب و کتب خانہ۲۰۱۸ء

ڈاکٹر نسرین شگفتہ

ادب و کتب خانہ ۲۰۱۸ء (سلسلہ مطبوعات بزم اکرم ۱۱)۔ مدیرہ اعلیٰ: ڈاکٹرنسیم فاطمہ۔ کراچی : بزمِ اکرم، ۲۰۱۸ء۔ ۲۲۴صفحات۔ قیمت: ۵۰۰روپے۔

ڈاکٹر نسیم فاطمہ کی سربراہی میں شائع ہونے والا رسالہ ادب و کتب خانہ ۲۰۱۸ء سلسلہ مطبوعات بزمِ اکرم ۱۱ قارئین کی خدمت میں پیش کیا جاتا ہے۔ معاون مدیران میں زین صدیقی۔ سید معراج جامی، ڈاکٹر نسرین شگفتہ اور ڈاکٹر آمنہ خاتون شامل ہیں۔ بزمِ اکرم ڈاکٹر غنی الاکرم سبزواری کوخراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے بنائی گئی تھی اس بزم سے ۱۰ شمارے شائع ہو چکے ہیں یہ گیارواں شمارہ آپ کی خدمت میں حاضر ہے ان کا صنفی اشاریہ ڈاکٹر فاطمہ نے مرتب کیا ہے جو شائع ہو چکا ہے۔ مجلسِ انتظامیہ میں  ایک کتاب دار شاعر سید احمد نقوی کو شامل کیا گیا ہے اور ابلاغی رابطہ کار وں میں محمد اشرف شکوری (مدیر صدائےلائبریرین)کی شمولیت ہے۔ ڈاکٹر نسیم فاطمہ کی ہمیشہ یہ کوشش رہی کہ نئے لکھنے والوں کی ہمت افزائی کریں۔ ادبی اور کتب خانوی تحریریں شامل کریں۔ ادب و کتب خانہ۲۰۱۸ء سلسلہ نمبر ۱۱ میں وہ تمام مواد موجود ہے جو کسی بھی معیاری علمی و ادبی مجلے کی جان ہوتاہے۔ اس سال قارئین کے اصرار پر ایک سال میں یہ دو سرا مجلہ شائع ہوا ہے امید ہے کہ آئندہ بھی یہ اہتمام ہوگا۔ ادب و کتب خانہ کے اس شمارے کی ترتیب یہ ہے؛ گلہائے عقیدت، منظومات، غزلیات، قطعات، افسانے، تحقیق و تنقید، روداد، سفر نامے، سچی کہانیاں، شخصیت، کتاب، کتاب بینی، کتب خانہ، مصاحبہ، مضامین، مطالعہ ٔنسواں، لوگ کہتے ہیں، یادِ رفتگاں اور تبصرۂ کتب۔ لکھنے والوں میں پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، جرمنی، انڈیا، کینیڈا اور امریکہ کے ادیب  و شاعر اور کتاب دار شامل ہیں۔ محمد اویس جعفری، ڈاکٹر عطا خورشید، عشرت معین سیما، سید آباد علی آباد، شکیل احمد خلیل، اکرام الحق کے علاوہ  پاکستان سے ڈاکٹر نسیم فاطمہ، ڈاکڑممتاز علی انور، سید جمیل احمد رضوی، زین صدیقی، ریاض ندیم نیازی، عطاالرحمٰن قاضی، ڈاکٹر آمنہ خاتون، سید احمد نقوی، عذرا قریشی، ڈاکٹر نسرین شگفتہ اور ان جیسے دیگر اہم لکھاریوں کی تحریروں کو شامل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر نسیم فاطمہ اور ان کے معاونین مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انھوں نے کم وسائل کے باوجود اس سال یہ دوسرا شمارہ شائع کیا ہے۔ اس سے ادیب، شعراء، کتب خانہ دار اور دیگر محقیقین استفادہ کر سکیں گے۔

Responses

No Responses found yet.

Leave your comment